بدھ, فروری 12, 2025

امریکا نے یوکرین کے لیے 2.5 بلین ڈالر کی نئی فوجی امداد کا اعلان کر دیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے 2.5 بلین ڈالرز کی فوجی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد یوکرین کو روس کے خلاف جاری جنگ میں مدد فراہم کرنے کے لیے دی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدۂ صدارت سنبھالنے سے پہلے فراہم کر دی جائے گی۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس امدادی پیکیج میں 1.25 بلین ڈالرز کی “صدارتی ڈرا ڈاؤن اتھارٹی” بھی شامل ہے، جو فوری طور پر یوکرین کے دفاعی ضروریات کو پورا کرے گی۔ اس کے علاوہ، 1.22 بلین ڈالرز مالیت کے طویل مدتی ہتھیار بھی اس پیکیج کا حصہ ہیں، جو یوکرین کی فوجی طاقت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

صدر جو بائیڈن نے اس امداد کو جلد از جلد فراہم کرنے کے لیے اپنی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین سیکیورٹی اسسٹنس انیشی ایٹو کے تحت طویل مدتی فنڈز پہلے ہی خرچ کیے جا چکے ہیں، اور اب اس نئی امداد کے ذریعے یوکرین کی دفاعی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، امریکی سیکریٹری خزانہ جینٹ ییلن نے اعلان کیا کہ یوکرین کو 3.4 بلین ڈالرز کی معاشی امداد بھی دی جائے گی۔ یہ رقم یوکرین کی حکومت کو روس کے خلاف جنگ کے دوران ادائیگیوں اور دیگر مالی امور میں مدد فراہم کرے گی۔

یہ حالیہ امداد اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ امریکا روس کے خلاف یوکرین کی حمایت میں اپنے عزم کو مضبوطی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب