وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان الوداعی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے معاشی نقطہ نظر اور میکرو اکنامک استحکام کے لیے جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔
محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ قرض سہولت فراہم کرنے میں امریکا کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نہ صرف پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے بلکہ پاکستانی مصنوعات اور خدمات کے لیے ایک اہم مارکیٹ بھی فراہم کرتا ہے۔
وزیر خزانہ نے خاص طور پر آئی ٹی اور ڈیجیٹل خدمات کے شعبے میں تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بڑھتے ہوئے آئی ٹی ایکسپورٹ سیکٹر کو اجاگر کیا اور اس شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اصلاحات کی حمایت جاری رکھنے کے امریکی عزم کا اعادہ بھی کیا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے قریبی اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہوئی۔