پیر, فروری 10, 2025

روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا۔

بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف جاری 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے۔

اس وقت آسٹریلیا کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے جبکہ ایک میچ ڈرا ہو چکا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام اور سلیکٹرز کو پہلے ہی روہت شرما کے اس فیصلے کی اطلاع دی جا چکی ہے، اور رپورٹس کے مطابق، وہ اس فیصلے کو بدلنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کا اعلان ممکنہ طور پر سڈنی میں ہونے والے پانچویں ٹیسٹ میچ کے اختتام پر کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے حتمی وقت کا تعین ابھی نہیں کیا گیا۔

روہت شرما کی حالیہ ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی ان کے معیار سے کم رہی ہے۔ انہوں نے 3 میچوں کی 6 اننگز میں صرف 31 رنز اسکور کیے، جس پر کافی تنقید کی جا رہی ہے۔ ان کی موجودہ فارم بھی ان کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا ایک بڑا سبب ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ روہت شرما نے اس سال جون میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل جیتنے کے بعد پریزینٹیشن تقریب کے دوران ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ سے ان کی ریٹائرمنٹ بھارتی کرکٹ کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ طویل عرصے سے ٹیم کے لیے ایک کلیدی کھلاڑی رہے ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب