بدھ, فروری 12, 2025

سجاول: پولینڈ کے سیاحوں کے ساتھ واردات، ملزمان کی تلاش جاری

سجاول میں پولینڈ کے سیاح جوڑے سے فون چھیننے والے ملزمان ابھی تک پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکے۔ پولیس کے مطابق، وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ کے نوٹس کے بعد، ٹھٹھہ اور سجاول کے ڈی آئی بی انچارج کو معطل کر دیا گیا ہے، تاہم ملزمان کا سراغ لگانے میں ابھی تک کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

واقعہ 29 دسمبر کو سجاول-بدین بائی پاس پر پیش آیا، جہاں دو پولینڈ کے سیاح سائیکلوں پر سوار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران چند ملزمان نے گن پوائنٹ پر ان سے فون چھین لیا اور ان کی تلاشی بھی لی۔ سیاح جوڑے نے کہا کہ مقامی افراد کی مدد سے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس اور ایس ایس پی موقع پر پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے نہ صرف ان کی مدد کی بلکہ انہیں رہائش بھی فراہم کی اور دوسرے فون بھی دیے۔

پولینڈ کے سیاح جوڑے نے اپنے ویڈیو بیان میں پاکستان کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور پولیس کی کارکردگی سے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے انہیں مناسب سپورٹ فراہم کی، اور ان کے لیے اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی۔

وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء لنجار، وزیرِ ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ اور ڈی آئی جی حیدرآباد نے اس واقعہ کا نوٹس لیا تھا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایات دی تھیں، مگر تاحال اس میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ یہ واقعہ سجاول میں سیاحت کے شعبے کے لیے تشویش کا باعث بن رہا ہے اور پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب