پیر, فروری 10, 2025

2024 میں پاکستان کا قرضہ: مقامی قرضوں میں اضافہ، غیر ملکی قرضہ 710 ارب کم

اسلام آباد: سال 2024 کے دوران وفاقی حکومت کا قرضوں پر انحصار بدستور برقرار رہا، تاہم مختلف نوعیت کے قرضوں میں اہم تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی تازہ ترین دستاویزات کے مطابق، وفاقی حکومت کے مجموعی قرضوں میں اس سال تین ہزار نو سو انیس ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران مقامی قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ غیر ملکی قرضوں میں کمی آئی۔

تفصیلات کے مطابق، 2024 کے دوران وفاقی حکومت کے مقامی قرضوں میں 4 ہزار 632 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس سے مقامی قرضوں کا مجموعی حجم 47 ہزار 231 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ اس کے برعکس، وفاقی حکومت کے غیر ملکی قرضوں میں 710 ارب روپے کی کمی ہوئی، جس سے ان قرضوں کا حجم 21 ہزار 884 ارب روپے ہوگیا۔

اکتوبر 2024 تک کے دستیاب سرکاری ڈیٹا کے مطابق، وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ 69 ہزار 114 ارب روپے رہا، لیکن نومبر اور دسمبر 2024 کے دو ماہ کا قرضہ ڈیٹا ابھی تک جاری نہیں ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دسمبر 2023 میں وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 65 ہزار 195 ارب روپے تھا، جس میں مقامی قرضہ 42 ہزار 595 ارب روپے اور غیر ملکی قرضہ 22 ہزار 600 ارب روپے تھا۔

یہ اعداد و شمار وفاقی حکومت کی مالی پوزیشن میں اہم تبدیلیوں کی غمازی کرتے ہیں، جن میں مقامی قرضوں میں اضافے اور غیر ملکی قرضوں میں کمی نے اہم کردار ادا کیا۔ ان تبدیلیوں سے حکومت کی قرضوں کی نوعیت اور مالی حکمت عملی کے بارے میں نئے سوالات اُٹھ رہے ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب