پیر, فروری 10, 2025

پبلک سیکٹر کمپنیوں کی شاندار کارکردگی، 102 ارب روپے کا ریکارڈ منافع

پاکستان کی پبلک سیکٹر کمپنیوں نے گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں شاندار مالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 102 ارب روپے کا منافع کمایا، جو کہ معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ یہ کارکردگی اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت اور مؤثر حکمت عملیوں کی بدولت ممکن ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سات سرکاری کمپنیوں کا مجموعی 249 ارب روپے کا منافع سوورن ویلتھ فنڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں سرکاری اداروں کی مجموعی آمدن 15 فیصد اضافے کے ساتھ 7 کھرب روپے تک پہنچ گئی، جو کہ سرکاری شعبے کی بہترین کارکردگی کا مظہر ہے۔

انفرادی کارکردگی کے اعتبار سے، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سب سے زیادہ 123.3 ارب روپے کا منافع کمایا، جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کا منافع 68.8 ارب روپے رہا۔ پاور سیکٹر نے 50.7 ارب روپے کا منافع حاصل کیا، اور نیشنل پاور پارکس نے 36.3 ارب روپے کا منافع کمایا۔ پاک عرب ریفائنری بھی 35 ارب روپے کے منافع کے ساتھ نمایاں رہی۔

دیگر سرکاری ادارے، جیسے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی، نیشنل بینک آف پاکستان، واپڈا، اور پورٹ قاسم اتھارٹی نے بھی مالیاتی کامیابیاں حاصل کیں۔

ایس آئی ایف سی کی مستقل کوششوں اور پالیسیوں کے نتیجے میں ملکی معیشت کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے امکانات روشن ہو رہے ہیں۔ یہ کامیابیاں عوام کے اعتماد کو بحال کرنے اور مستقبل کے معاشی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب