وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوانگ ژو کے وائس گورنر مسٹر زینگ گوزی سے ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کے موقع پر گوانگ ژو میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں شاندار اسٹیٹ ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں چینی حکومت کی جانب سے مریم نواز اور ان کے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔
مریم نواز نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وفد کی عزت افزائی اور استقبال ہمیشہ یادگار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اخلاص اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں، اور چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر دوستی کی مثال قائم کی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ ان کے حالیہ دورۂ چین کے دوران انہیں کئی اہم امور کو سمجھنے، جاننے اور دیکھنے کا موقع ملا، جو دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پنجاب کے عوام اس دورے کے ثمرات سے بھرپور طور پر مستفید ہوں گے۔
وائس گورنر گوانگ ژو، مسٹر زینگ گوزی، نے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کی عوامی خدمت اور فلاحی اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں اور ان کی قیادت میں پنجاب مزید ترقی کرے گا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔