پیر, فروری 10, 2025

بٹ کوائن کی قیمت پہلی بار تاریخ میں 1 لاکھ امریکی ڈالرز سے تجاوز کر گئی۔

بٹ کوائن کی قیمت تاریخ میں پہلی مرتبہ 1 لاکھ امریکی ڈالر کی حد عبور کر گئی، جسے کرپٹو کرنسی کی دنیا میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، اس ریکارڈ اضافے کی بڑی وجہ امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کرپٹو کرنسی کی حمایت کا اعلان ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکا کو دنیا کا کرپٹو دارالحکومت بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ ان کی کامیابی کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں زبردست اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں بٹ کوائن کی قیمت میں 45 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق، ٹرمپ کی حکومت سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ کرپٹو کرنسی کے لیے سازگار پالیسیز متعارف کرائیں گے اور امریکی معیشت کو ڈیجیٹل فنانس کی سمت میں مزید آگے بڑھائیں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے کرپٹو کے حق میں مؤقف سے سرمایہ کاروں میں جوش و خروش پیدا ہوا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ بٹ کوائن سمیت دیگر کرپٹو کرنسیز کی مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی کے حوالے سے خدشات اور حکومتی پابندیاں عائد کرنے کی خبریں زیر بحث تھیں۔ تاہم، ٹرمپ کی کامیابی نے کرپٹو مارکیٹ کو ایک نئی سمت دی ہے، جس سے آنے والے دنوں میں مزید استحکام کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب