پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں، اور سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے مشکل وقت میں تعاون فراہم کیا ہے۔ وزیر اعظم نے سعودی عرب میں پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کے لیے روزگار کے نئے مواقع کے بارے میں جلد بڑی پیشرفت کی توقع کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف یہ بات سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری، خالد بن عبدالعزیز الفالح، اور سعودی رائل کورٹ کے مشیر، محمد التویجری سے عرب-اسلامک سمٹ کے دوران ملاقات کے دوران کہی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اقتصادی تعاون اور مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیر اعظم نے سعودی قیادت، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کے حالیہ پاکستان کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی، جو دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان یہ تعاون دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی طرف قدم بڑھائے گا۔