جمعرات, فروری 13, 2025

تلسی گبارڈ امریکی نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر مقرر، عہدے کا حلف اٹھا لیا

واشنگٹن: تلسی گبارڈ نے امریکی نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ وہ اس اہم عہدے پر فائز ہونے والی پہلی ہندو خاتون ہیں اور اب 18 امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نگرانی کریں گی۔ تلسی گبارڈ نے اپنی تقرری کے بعد بیان دیا کہ وہ امریکی انٹیلی جنس کو دوبارہ قومی سلامتی پر مرکوز کریں گی اور یہ یقینی بنائیں گی کہ انٹیلی جنس نظام کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

43 سالہ تلسی گبارڈ، جو خود کو ’کرما یوگی‘ کہتی ہیں، امریکی کانگریس کی پہلی ہندو رکن بھی رہ چکی ہیں۔ ان کے والدین کا بھارت سے کوئی رسمی تعلق نہیں، تاہم ان کی والدہ نے ہندو مذہب اختیار کیا تھا۔ تلسی نے امریکی پارلیمنٹ میں بھگوت گیتا پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا اور وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ قریبی تعلقات بھی رکھتی ہیں۔ انہوں نے 2014 میں مودی کی دعوت پر بھارت کا 15 روزہ دورہ کیا تھا اور گجرات فسادات کے بعد مودی پر عائد امریکی ویزا پابندی کو غلط قرار دیا تھا۔

تلسی گبارڈ نے 20 سال تک امریکی فوج میں خدمات انجام دیں اور عراق، کویت اور افریقا میں بھی تعینات رہیں۔ وہ 2013 سے 2021 تک امریکی کانگریس کی رکن رہیں اور 2020 کے صدارتی انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا لیکن خاطر خواہ حمایت نہ ملنے پر اپنی امیدواری واپس لے لی تھی۔

انہوں نے اکتوبر 2022 میں ڈیموکریٹک پارٹی چھوڑ کر 2024 میں ری پبلکن پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ماضی میں انہوں نے بنگلہ دیش میں ہندو اقلیت کے تحفظ کے لیے امریکی کانگریس میں قرارداد پیش کی اور پاکستان پر اسامہ بن لادن کو پناہ دینے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

واضح رہے کہ نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر کی پوزیشن 9/11 حملوں کے بعد تخلیق کی گئی تھی اور اس کا بنیادی کام قومی سلامتی کے امور پر صدر، قومی سلامتی کونسل اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کونسل کو مشاورت فراہم کرنا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب