انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی، مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل اور متبادل کھلاڑی کامران غلام پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، شاہین آفریدی کو میچ فیس کا 25 فیصد جبکہ سعود شکیل اور کامران غلام کو 10 فیصد جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تینوں کھلاڑیوں کو ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ کراچی میں جاری سہ ملکی سیریز کے دوران پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ایک میچ میں پیش آیا، جہاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی دیکھی گئی۔
آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق، شاہین آفریدی نے جان بوجھ کر جنوبی افریقی بیٹر میتھیو بریٹزکی کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی اور ان کے ساتھ باڈی کنٹیکٹ کیا، جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں میں تلخ کلامی ہوئی۔ یہ واقعہ جنوبی افریقا کی اننگز کے 28ویں اوور میں پیش آیا، جب بریٹزکی ایک رن لینے کی کوشش میں نان اسٹرائیکر اینڈ کی جانب دوڑے اور شاہین سے ٹکرا گئے۔
اسی میچ کے اگلے اوور میں ایک اور واقعہ پیش آیا جب سعود شکیل نے جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما کو رن آؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے کے بعد سعود شکیل اور کامران غلام جارحانہ انداز میں باووما کے سامنے جشن منانے لگے، جسے آئی سی سی نے غیر ضروری رویہ قرار دیا۔
آئی سی سی نے واضح کیا کہ تمام کھلاڑیوں کو ان کی حرکات پر ضابطہ اخلاق کے تحت جرمانے کا سامنا کرنا پڑا اور آئندہ ایسے رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔