پنجاب بھر میں گھروں میں گاڑی دھونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات پر محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، گھروں میں گاڑی دھونے پر 10 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا، جبکہ تمام غیر قانونی سروس اسٹیشنز کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مزید برآں، پانی کو ری سائیکل کیے بغیر گاڑیوں کی دھلائی کرنے والے سروس اسٹیشنز پر بھی سخت کارروائی ہوگی۔ ایسے سروس اسٹیشنز کو 1 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔ حکومتی ہدایت کے مطابق، تمام سروس اسٹیشنز کو 28 فروری تک پانی ری سائیکلنگ سسٹم نصب کرنے کا حکم دیا گیا ہے، بصورتِ دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس کے علاوہ، نوٹیفکیشن میں گاڑیوں کو کسی بھی قسم کے تیل سے دھونے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق، یہ اقدام پانی کے غیر ضروری استعمال کو روکنے اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، زیرِ زمین پانی کے تحفظ کے لیے تعمیراتی مقامات پر اس کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق، یہ تمام اقدامات پنجاب انوائرمینٹل ایکٹ کے تحت فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے، اور ان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔