جمعرات, فروری 13, 2025

حزب اللہ کے 120 راکٹوں سے اسرائیل پر حملہ، ایک اسرائیلی فوجی ہلاک

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل پر 120 راکٹ فائر کیے، جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، اس سے قبل اسرائیلی فورسز نے لبنان پر شدید حملے کیے، جن میں 60 افراد جاں بحق اور 163 زخمی ہوگئے۔ ان حملوں میں اقوام متحدہ کی امن مشن فورس کے اہلکار اور لبنانی فوج کے اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، حزب اللہ نے اسرائیل کے ان حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 120 راکٹ فائر کیے۔ حزب اللہ کی جانب سے کیے گئے ان حملوں کے دوران مزید ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔

اسرائیل نے اس کے علاوہ غزہ کے شاطی پناہ گزین کیمپ پر بھی حملے کیے، جس سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 62 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ حماس نے اس صورتحال پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حق میں دنیا بھر میں 3 روزہ احتجاج کی کال دی ہے، تاکہ ان کے حقوق کی آواز بلند کی جا سکے اور عالمی سطح پر فلسطینیوں کی نسل کشی کا معاملہ اجاگر کیا جا سکے۔

دوسری جانب، برطرف سابق اسرائیلی وزیر دفاع گیلنٹ نے اسرائیل کے غزہ میں موجود فوجی دستوں کی موجودگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اب غزہ میں فوج رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے اپنے فوجی دستوں کو غزہ سے واپس نہ بلایا تو اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب