پیر, فروری 10, 2025

پنجاب اسموگ: گرین لاک ڈاؤن نافذ، خصوصی بچوں کی آن لائن کلاسز شروع

لاہور: ادارہ تحفظ ماحولیات نے بڑھتی ہوئی اسموگ کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل عمران شیخ کے مطابق، اسموگ کی شدت کے باعث خصوصی بچوں کو اسکول آنے سے منع کیا گیا ہے اور خصوصی تعلیم کے تمام اداروں کو آن لائن کلاسز کے انعقاد کی ہدایت کی گئی ہے۔

عمران شیخ نے مزید بتایا کہ یہ اقدام ان بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے جو سانس، الرجی، اور دل کے امراض میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ گرین لاک ڈاؤن کے تحت اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے اسموگ سے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد جاری ہے۔

انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ گرین لاک ڈاؤن ایریا میں گزشتہ رات اسموگ کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر دو باربی کیو ریسٹورنٹس کو سیل کردیا گیا، جبکہ پنجاب میں نو بھٹے اور چار صنعتی یونٹس بھی گرادیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، گرین لاک ڈاؤن کے تحت تعمیرات پر پابندی عائد ہے اور آج سے دفاتر میں ڈیزل جنریٹرز کی انسپیکشن بھی شروع کی جائے گی۔

دوسری جانب، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اسموگ کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، اور فصلوں کی باقیات کو جلانے والے افراد کی فوری گرفتاری بھی ممکن بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اسموگ کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی فوری رپورٹ کریں، کیونکہ اسموگ ایک خطرناک آفت ہے جو صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب