شمالی غزہ میں جاری سنگین صورتِ حال کے بارے میں ایمرجنسی سروسز کے سربراہ، فارس افانہ نے ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی غزہ کی سڑکوں پر انسانی لاشوں کو بھوکے کتے نوچ رہے ہیں، جو اس علاقے کی بدترین حالت کی عکاسی کرتا ہے۔ فارس افانہ نے امریکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے شمالی علاقے میں شہید ہونے والے کچھ فلسطینیوں کی لاشیں ملی ہیں، جن پر جانوروں کے کاٹنے کے واضح نشانات موجود ہیں۔ اس وجہ سے لاشوں کی شناخت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، اور ان کی تدفین کا عمل بھی متاثر ہو رہا ہے۔
فارس افانہ نے ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں ایک بچے کی باقیات دکھائی گئی ہیں، جسے کتوں نے نوچ کر کھا لیا تھا۔ یہ تصویر علاقے کی دل دہلا دینے والی صورتِ حال کی عکاسی کرتی ہے، جہاں اسرائیلی حملوں نے زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جبالیہ کے علاقے کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے، جہاں مسلسل اسرائیلی حملوں کی وجہ سے سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں اور لوگ شدید بھوک کا شکار ہیں۔
افانہ نے بتایا کہ محاصرے کی وجہ سے شمالی غزہ کے لوگ زندگی کے بنیادی وسائل سے محروم ہو چکے ہیں، جن میں ہزاروں بچے اور حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی افواج کے مسلسل فضائی اور زمینی حملوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ حملے علاقے کے ہر نشانِ زندگی کو ختم کرنے کے مترادف ہیں۔
12 دنوں سے جاری اسرائیلی حملوں نے علاقے میں زندگی کا پہیہ مکمل طور پر جام کر دیا ہے، اور متاثرہ افراد بھوک اور بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔