آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانی نے اعلان کیا ہے کہ اس سال کے آخر تک بچوں کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔
انتھونی البانی نے منگل کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی حکومت 16 سال سے کم عمر کے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ قانون سازی سے پہلے بچوں کی عمر کی تصدیق کے لیے ایک ٹرائل کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک جیسی ویب سائٹس کے لیے بچوں کی عمر کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے، لیکن توقع ہے کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے کے لیے کم از کم عمر 14 یا 16 سال مقرر کی جائے گی۔
انتھونی البانی نے کہا کہ ان کا ذاتی خیال ہے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی ہونی چاہیے، اور وہ چاہتے ہیں کہ بچے سوشل میڈیا کی بجائے سوئمنگ پولز اور کھیل کے میدانوں میں وقت گزاریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بچے اپنے ارد گرد موجود لوگوں کے ساتھ حقیقی تجربات کریں، کیونکہ سوشل میڈیا سماجی نقصانات کا باعث بن رہا ہے۔