جمعرات, فروری 13, 2025

دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کا وقت آ چکا ہے، دشمنوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین اور سبز ہلالی پرچم کو تسلیم کرنے والے افراد کے ساتھ بات چیت ممکن ہے، لیکن دشمنوں کے ساتھ بات چیت یا نرم رویہ اختیار کرنا ناممکن ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے حالیہ دنوں میں دہشتگردی کے ہولناک واقعات کا ذکر کیا، جن میں 50 سے زائد شہری اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور کرک میں بھی بے گناہ لوگوں کو شہید کیا گیا۔ وزیراعظم نے وضاحت کی کہ دہشتگرد افغانستان سے کارروائیاں کر رہے ہیں، اور دہشتگردوں کے خلاف مؤثر آپریشنز بھی کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے بلوچستان میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہشتگردی ملک میں خلفشار پیدا کرنے کی کوشش ہے، اور دہشتگردوں نے بسوں سے اتار کر معصوم لوگوں کو شہید کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد پاکستان کی ترقی اور سی پیک منصوبے کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں اور پاکستان اور چین کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے اور انہوں نے کابینہ اراکین کو بتایا کہ وہ بہت جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب