ہمپ بیک وہیلز نے انسانوں کو طویل عرصے سے حیران کن کر رکھا ہے، اور اب ایک تحقیق نے ان کی ذہانت کے نئے پہلو کو اجاگر کیا ہے۔
امریکا کی ہوائی یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق، یہ عظیم سائز کی وہیلز ٹولز تیار کرنے اور انہیں استعمال کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔
یہ وہیلز پہلے بھی ببل نیٹ بنا کر شکار کرتے ہوئے دیکھی جا چکی ہیں، لیکن تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وہ ان ببل نیٹس کو تبدیل کر کے بھی استعمال کر سکتی ہیں۔
محققین نے بتایا کہ اگرچہ کئی جانور اپنی غذا کی تلاش کے لیے ٹولز استعمال کرتے ہیں، بہت کم ایسے ہیں جو نئے ٹولز ایجاد کرتے ہیں یا موجودہ ٹولز کو بہتر بناتے ہیں۔
یہ دریافت جانوروں کی ذہانت کی ایک نئی علامت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، کیونکہ ٹولز کا استعمال کبھی صرف انسانوں کی خاصیت سمجھا جاتا تھا۔ پرندوں اور مختلف جانوروں کے بعد، ہمپ بیک وہیلز کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
جنوب مشرقی الاسکا کے ساحلوں پر ہمپ بیک وہیلز کو پیچیدہ ببل نیٹس بنا کر شکار کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جن کا حجم، ساخت اور کارکردگی انتہائی متاثر کن ہے۔ ان ببل نیٹس کی مدد سے یہ وہیلز کم توانائی خرچ کرتے ہوئے سات گنا زیادہ شکار کر لیتی ہیں۔
یہ دریافت ڈرونز پر نصب خصوصی ٹولز کی مدد سے کی گئی ہے، اور محققین نے اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ برسوں میں ہمپ بیک وہیلز کے رویوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہوں گی۔
یہ تحقیق جرنل رائل سوسائٹی اوپن سائنس میں شائع ہوئی ہے۔