شمال مشرقی بلوچستان میں دوسرا طاقتور مون سون سسٹم موجود ہے، جس کے نتیجے میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔
بلوچستان میں جاری بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مزید 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جس کے بعد یکم جولائی سے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔
سیلابی صورتحال کی وجہ سے بلوچستان میں کئی رابطہ سڑکیں بہہ گئیں، تاہم ایک مقامی ڈرائیور نے کولک ندی میں پھنسے ہوئے گاڑی میں سوار 7 افراد، جن میں خواتین اور بچے شامل تھے، کو بہادری سے ریسکیو کیا۔
نوشکی اور بیلہ میں سیلابی ریلوں نے درجنوں دیہاتوں کا رابطہ منقطع کر دیا، اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔