پیر, فروری 10, 2025

وفاق نے فنڈز فراہم نہ کیے تو آئی ایم ایف سے سرپلس کا وعدہ پورا کرنے کی توقع نہ رکھے: مشیر خزانہ خیبر پختونخوا۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ اگر وفاق نے صوبے کو اس کے واجب الادا پیسے نہیں دیے، تو آئی ایم ایف سے سرپلس کا جو وعدہ کیا گیا ہے، اس کی توقع ہم سے نہ رکھی جائے۔

جیونیوز سے بات کرتے ہوئے مزمل اسلم نے کہا کہ اس سال وفاق سے ضم شدہ اضلاع کے لیے 400 ارب روپے ملنے چاہیے تھے، لیکن اے آئی پی اور بجٹ کو ملا کر ہمارے لیے صرف 70 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان 70 ارب میں سے ہمیں کتنے ملیں گے؟ اس کا پتا 30 جون 2025 کو چلے گا۔

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ وفاق نے کشمیر کے لیے بجٹ میں 50 فیصد اور گلگت کے لیے 37 فیصد اضافہ کیا ہے، جبکہ قبائلی اضلاع کے بجٹ میں ایک فیصد بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔ ہم نے وفاق کو صاف الفاظ میں بتایا ہے کہ آپ زیادتی کر رہے ہیں۔

مزمل اسلم کے مطابق، وفاق کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کے مطابق پیسے ملنے چاہئیں۔ وفاق نے جواب دیا ہے کہ آئی ایم ایف سے بات ہو چکی ہے، اگلے سال دیکھیں گے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ اگر وفاق نے فنڈز فراہم نہیں کیے تو آئی ایم ایف سے سرپلس کے وعدے کی توقع ہم سے نہ کی جائے۔ بجلی کا خالص منافع اور رائلٹی کے واجبات ادا نہ ہوئے تو سرپلس کو مینج کرنا مشکل ہو جائے گا۔ گزشتہ دو سال سے وفاق کی جانب سے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آمدن کا تخمینہ پچھلے سال 70 ارب روپے تھا اور اس سال 93 ارب روپے ہے۔ نیا این ایف سی ایوارڈ آنا چاہیے اور ہمیں اس کے مطابق شیئر ملنا چاہیے، لیکن وفاق نیا این ایف سی نہیں ہونے دے رہا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب