کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ بارش کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ بلوچستان کی جانب بڑھ رہا ہے، اور آج کراچی میں وقفے وقفے سے بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق 10 یا 11 اگست سے خلیج بنگال سے ایک اور سسٹم مشرقی سندھ میں داخل ہو سکتا ہے جبکہ 12 اگست سے کراچی سمیت سندھ میں بارش کا امکان ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں مختلف مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
ادھر ضلع استور میں سیلاب سے متعدد مکانات، فصلوں، اور باغات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ دریائے چترال میں گلیشیئرز پگھلنے سے اونچے درجے کا سیلاب ہے جس پر انتظامیہ نے متاثرین کے لیے خیمہ بستی قائم کردی ہے۔
دادو کی تحصیل جوہی میں گاج ندی میں پانی کی سطح 10 فٹ تک ہوگئی ہے اور خیرپور میں نصیر فقیر جلالانی کے قریب پانی کے ریلوں کے دباؤ سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے باعث متعدد علاقے زیر آب آگئے ہیں۔