بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اپنے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کرتے ہوئے فاسٹ بولر تسکین احمد کو سب سے زیادہ معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے معاہدے کے مطابق وہ اے پلس کیٹیگری میں شامل واحد کھلاڑی ہوں گے اور ماہانہ 10 لاکھ ٹکا (تقریباً 23 لاکھ پاکستانی روپے) حاصل کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی بی نے 2024 کے لیے کھلاڑیوں کے معاہدوں کو پانچ کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔ اے کیٹیگری میں نجم الحسن شانتو، مہدی حسن میراز اور لٹن داس شامل ہیں، جنہیں ہر ماہ 8 لاکھ ٹکا دیے جائیں گے۔ بی کیٹیگری میں شامل مومن الاسلام، تیج الاسلام، مستفیض الرحمان، توحید ہریدوئے، حسن محمود اور ناہید رانا کو 6 لاکھ ٹکا ملے گا۔
سی کیٹیگری میں شادمان اسلام، سومیہ سرکار، جاکر علی، تنزید تمیم، شریف الاسلام، راشد حسین، تنظیم ثاقب اور شیخ مہدی کو 4 لاکھ ٹکا ماہانہ ملے گا۔ دوسری جانب، نوسم احمد اور خالد احمد سب سے کم یعنی 2 لاکھ ٹکا ماہانہ حاصل کریں گے۔
سینٹرل کنٹریکٹ میں مجموعی طور پر 22 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، تاہم تجربہ کار وکٹ کیپر مشفیق الرحیم نے ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کے بعد معاہدے سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ علاوہ ازیں، محمود اللہ ریاض نے بھی ذاتی وجوہات کی بنا پر نئے معاہدے کا حصہ نہ بننے کی درخواست دی، جسے بورڈ نے قبول کر لیا۔
یہ معاہدے جنوری سے دسمبر 2024 تک لاگو ہوں گے، اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سینٹرل کنٹریکٹ کو ترتیب دیا ہے۔