جمعرات, مارچ 13, 2025

خیبرپختونخوا میں امن و امان پر صوبائی حکومت خاموش رہی تو وفاق کو مداخلت کرنا ہوگی: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صوبائی حکومت اس معاملے پر سنجیدہ اقدامات نہیں کرتی تو وفاق کو مداخلت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) آج خیبرپختونخوا کی صورتحال پر مشاورت کریں گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے تعزیتی اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نواب یوسف تالپور پارٹی کا اثاثہ تھے اور تمام جماعتوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری کے پارلیمنٹ سے خطاب کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی صدر نے پہلی بار آٹھویں مرتبہ پارلیمان سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے عوامی مسائل اور حکومتی پالیسیوں پر کھل کر بات کی۔

بلاول بھٹو نے دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کے حکومتی فیصلے پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ صدر زرداری نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ایسے یکطرفہ فیصلے قبول نہیں کیے جائیں گے، بلکہ اتفاق رائے سے کوئی لائحہ عمل طے ہونا چاہیے۔

انہوں نے ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مثبت اشاریے سامنے آرہے ہیں اور مہنگائی میں کمی کا رجحان ہے، تاہم حکومت کو عوامی مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال، دریائی نہروں کے معاملے اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مثبت سیاست پر یقین رکھتی ہے اور قومی مفاد میں فیصلے کیے جانے چاہییں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بجٹ سازی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) مل کر کام کریں گی تاکہ عوام کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب