جمعرات, مارچ 13, 2025

پاکستان پوسٹ میں 381 غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف

اسلام آباد میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس کے دوران پاکستان پوسٹ میں 381 خلاف قوائد بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر کمیٹی نے سخت نوٹس لیا اور ایک ماہ میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی جنید اکبر نے کی، جنہوں نے سوال اٹھایا کہ غیر قانونی طور پر بھرتی کیے گئے 381 افراد ابھی تک اپنے عہدوں پر موجود ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ اس معاملے پر اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں اور ان ذمہ داران کے خلاف کیا کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

وزارت مواصلات کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان بھرتیوں میں چار بڑی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جن میں این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کے بغیر تقرریاں اور ضرورت سے زیادہ افراد کی بھرتی شامل ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ خلاف قواعد بھرتیوں کی جانچ کے لیے پہلے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کی گئی اور پھر محکمانہ تحقیقات عمل میں لائی گئیں۔ تحقیقات کے نتیجے میں متعلقہ افراد کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، اور جن افسران پر الزامات ثابت ہوئے ہیں، انہیں ترقی دینے سے روک دیا گیا ہے۔

کمیٹی نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہدایت دی کہ ایک ماہ کے اندر خلاف ضابطہ بھرتیوں کے خلاف کی گئی کارروائی کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے، تاکہ ذمہ داروں کے خلاف مزید اقدامات کیے جا سکیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب