اسلام آباد: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اعلان کردہ پاکستانی اسکواڈ میں سب سے زیادہ کھلاڑی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز سے منتخب کیے گئے ہیں۔ قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں سلطانز کے پانچ کھلاڑی شامل ہیں، جن میں وکٹ کیپر بیٹر اور کپتان محمد رضوان، عثمان خان، کامران غلام، طیب طاہر اور فاسٹ بولر محمد حسنین نمایاں ہیں۔
اسکواڈ کے انتخاب پر سابق کرکٹرز اور تجزیہ کاروں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے، خاص طور پر آل راؤنڈر فہیم اشرف، خوشدل شاہ اور وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان کی سلیکشن پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اسکواڈ کے چناؤ میں پی ایس ایل کی کارکردگی کو ضرورت سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے، جب کہ ون ڈے فارمیٹ میں تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016 میں ہوا، اور 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد یہ تاثر زور پکڑ گیا تھا کہ پی ایس ایل نے قومی ٹیم کو نئے ٹیلنٹ فراہم کیا، جو بڑے ایونٹس میں کامیابی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔ تاہم، 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے اسکواڈ میں صرف ایک کھلاڑی، شاداب خان، پی ایس ایل کی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں جگہ بنا سکے تھے۔
2025 کے اسکواڈ میں لاہور قلندرز کے تین کھلاڑی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور فخر زمان شامل ہیں، جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے بھی تین کھلاڑی، فہیم اشرف، سعود شکیل اور اسپنر ابرار احمد منتخب کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آغا سلمان اور فاسٹ بولر نسیم شاہ، کراچی کنگز کے خوشدل شاہ، اور پشاور زلمی کے بابر اعظم بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹ کے لیے تجربہ کار کھلاڑیوں کا انتخاب ضروری ہے، اور اسکواڈ کی تشکیل میں توازن برقرار رکھنا اہم ہے تاکہ پاکستان ایک مضبوط کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے۔