پاراچنار میں پیٹرول کی غیرمعمولی قیمتوں پر فروخت کی شکایات کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق، پیٹرول 1000 سے 1200 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیا جا رہا تھا، جس پر عوام نے شدید احتجاج کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں فیول پمپ بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اور اسی صورت حال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض عناصر بلیک مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔ عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کی اور غیر قانونی طریقے سے ایندھن فروخت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قلت اور من مانی قیمتوں کی وجہ سے عام افراد کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ غیر قانونی منافع خوری کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے اور پیٹرول کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں بھی غیر قانونی طور پر پیٹرول یا ڈیزل فروخت کیا جا رہا ہو تو فوری طور پر اطلاع دی جائے تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔