پشاور: ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی تقریب رونمائی بدانتظامی کا شکار رہی، جہاں کسی بھی حکومتی یا محکمہ کھیل کے ذمہ دار نے شرکت نہیں کی۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کو پشاور یونیورسٹی سے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم لایا گیا، لیکن اس موقع پر نہ تو حکومتی نمائندے موجود تھے اور نہ ہی محکمہ کھیل کے کسی افسر نے تقریب میں شرکت کی۔ ٹرافی کو اسٹیڈیم میں مختصر وقت کے لیے رکھا گیا اور پھر اسے واپس اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
اس موقع پر پشاور کے کرکٹ کے شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں سے نہ تو کوئی موجود تھا اور نہ ہی کسی سابق کھلاڑی کو مدعو کیا گیا تھا۔ یہ تقریب وہ لمحہ تھا جس کا انتظار شہر بھر میں کیا جا رہا تھا، لیکن بدقسمتی سے انتظامات میں کمی کے باعث یہ ایونٹ امیدوں پر پورا نہیں اُتر سکا۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی پشاور پہنچی تھی اور اس کے بعد اسے پشاور یونیورسٹی اور ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم منتقل کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں عوام کی دلچسپی زیادہ تھی مگر انتظامات کی کمی اور غیر موجودگی نے اس موقع کو ماند کر دیا۔