وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیگر صوبوں کے طلبہ کے لئے ہونہار اسکالرشپ اسکیم کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت پنجاب کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں کے طلبہ بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد پورے پاکستان میں تعلیمی مواقع کو بڑھانا اور نوجوانوں کے لیے تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ایک اجلاس کی صدارت کے دوران پنجاب میں طلبہ کے لئے لیپ ٹاپ کی تعداد کو بڑھا کر ایک لاکھ 10 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہونہار اسکالرشپ اسکیم کے مستحق طلبہ کے لیے خصوصی ہیلپ لائن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اس اسکیم کا مقصد طلبہ کی تعلیمی استعداد بڑھانا اور انہیں جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے تعلیمی سفر میں کامیاب ہو سکیں۔
مریم نواز نے کہا کہ دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے بھی وہی اہلیت کا معیار مقرر کیا جائے گا جو پنجاب کے طلبہ کے لیے ہے۔ پنجاب میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے لیے کم از کم 65 فیصد نمبروں کی اہلیت ضروری ہے، اور یہی معیار اب دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے بھی لاگو ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا، “تعلیم اور یوتھ میں سرمایہ کاری ہماری قوم کی حقیقی ترقی کا ذریعہ ہے، اور ہر بچہ اس حق کا حامل ہے۔ ہم اپنے تمام بچوں کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی اسکیم میں فنڈز کی کمی رکاوٹ نہیں بنے گی اور میرٹ پر آنے والے ہر طالب علم کے لیے تعلیمی فیس بھی حکومت ادا کرے گی۔
اس اجلاس میں پنجاب میں ایک روزہ وائس چانسلرز کانفرنس اور ٹیک ایکسپو کے انعقاد کی بھی منظوری دی گئی، جو تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید ترقی کے لیے اہم قدم ثابت ہوں گے۔