اتوار, فروری 9, 2025

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (SIFC) کی معاونت اور حکومتی اقدامات کے تحت رواں مالی سال کے پہلے نصف میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 1.329 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

سرمایہ کاری میں اضافے کے اس رجحان میں چین کا کلیدی کردار رہا، جو کل سرمایہ کاری کا 40 فیصد حصہ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ، ہانگ کانگ، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ سے بھی نمایاں سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی۔ عالمی اقتصادی فورم اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے اشتراک سے ڈیجیٹل غیر ملکی سرمایہ کاری کے ایک مشترکہ منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے، جو ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے اس ڈیجیٹل غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری (FDI) منصوبے کو ملک کی اقتصادی ترقی کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ای کامرس، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، آئی ٹی انفراسٹرکچر، اور آن لائن سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

پاکستان عالمی اقتصادی فورم کے تحت ڈیجیٹل ایف ڈی آئی اپنانے والا پہلا ملک بن گیا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی، عالمی مہارت اور اقتصادی استحکام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پاکستان میں سرحد پار ڈیجیٹل سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان کی معیشت تیزی سے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہی ہے، جو مستقبل میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع فراہم کرے گی اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد دے گی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب