اتوار, فروری 9, 2025

رجب بٹ کو ولاگ اسکرپٹ بھیج دیا گیا ہے لیکن ویڈیو ابھی تک کیوں نہیں بنی؟ وائلڈلائف پنجاب

لاہور: محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ کو جنگلی حیات سے متعلق آگاہی مہم کے لیے وی لاگ بنانے کا کنٹینٹ فراہم کر دیا گیا ہے، تاہم اب تک ان کی جانب سے کوئی ویڈیو سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ لاہور کی سیشن عدالت نے گزشتہ ہفتے رجب بٹ کو سزا سنائی تھی، جس کے تحت انہیں ایک سال تک ہر ماہ جنگلی حیات سے متعلق آگاہی وی لاگ بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔ یہ سزا انہیں شادی پر تحفے میں ملنے والے شیر کے بچے کی وجہ سے دی گئی تھی، جسے عدالت نے لاہور سفاری زو کی تحویل میں دینے کا حکم دیا تھا۔

رجب بٹ نے ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک سے ملاقات کے دوران استدعا کی کہ انہیں شیر کے بچے کو ایک بار دیکھنے کی اجازت دی جائے، جس پر انہیں بتایا گیا کہ بچہ لاہور سفاری زو میں موجود ہے، جہاں وہ جا کر دیکھ سکتے ہیں۔ ملاقات کے دوران رجب بٹ نے یہ بھی سوال کیا کہ دنیا کے کئی ممالک میں جنگلی جانوروں کا شکار قانونی طور پر کیا جاتا ہے، مگرمچھ کی کھال کے جوتے بھی عام ہیں، تو وہاں کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟ اس پر ڈی جی وائلڈ لائف نے وضاحت کی کہ مختلف ممالک میں سرپلس جانوروں کے شکار کی مخصوص ریگولیشنز کے تحت اجازت دی جاتی ہے۔

رجب بٹ نے یہ ملاقات اپنی سوشل میڈیا ویڈیوز میں شیئر بھی کی اور بتایا کہ عدالت نے انہیں تین آپشن دیے تھے: دو سال قید، بھاری جرمانہ یا ایک سال تک آگاہی وی لاگ بنانے کی ذمہ داری، جسے انہوں نے قبول کیا۔

وائلڈ لائف حکام کے مطابق، انہیں سفاری پارک سے متعلق وی لاگ بنانے کے لیے کنٹینٹ بھیج دیا گیا تھا، تاہم فروری کا پہلا ہفتہ ختم ہونے میں چند دن باقی رہ گئے ہیں، اور ابھی تک کوئی ویڈیو سامنے نہیں آئی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب