اتوار, فروری 9, 2025

چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں جگہ نہ ملنے پر امام الحق نے خاموشی توڑدی !

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، جس پر انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ قومی ٹیم کے اعلان کے بعد امام الحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ “نتیجہ میری توقعات کے مطابق نہیں، لیکن سفر ابھی ختم نہیں ہوا، یہی زندگی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ہر مشکل کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہے اور مشکلات انسان کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔ امام الحق نے صبر اور اللہ پر بھروسے کو سب سے اہم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ “ہر چیلنج کے ساتھ خود کو بہتر بنانا ضروری ہے۔”

واضح رہے کہ امام الحق کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان تھا، تاہم انہیں ٹیم میں جگہ نہیں ملی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کی جانب سے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل اور طیب طاہر شامل ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں فہیم اشرف، خوشدل شاہ اور سلمان علی آغا (نائب کپتان) جبکہ وکٹ کیپر بیٹرز میں محمد رضوان (کپتان) اور عثمان خان کو جگہ دی گئی ہے۔ اسپن باؤلنگ میں ابرار احمد کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد حسنین اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

امام الحق کی غیر موجودگی پر کرکٹ شائقین میں بھی بحث جاری ہے، کیونکہ وہ قومی ٹیم کے مستقل اوپنر سمجھے جاتے تھے۔ تاہم، ان کے سوشل میڈیا پیغام سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس فیصلے کو قبول کرتے ہوئے آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب