اتوار, فروری 9, 2025

فلاڈیلفیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 6 افراد جاں بحق

امریکی شہر فلاڈیلفیا کے شمال مشرقی علاقے میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کے فوراً بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔ حادثے کی نوعیت اور طیارے میں موجود افراد کی شناخت کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب حال ہی میں واشنگٹن میں ایک اور فضائی سانحہ پیش آیا تھا۔ جمعرات کے روز واشنگٹن میں ایک مسافر طیارہ اور ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے تھے، جس میں 67 افراد ہلاک ہوئے۔ ڈی سی فائر چیف کے مطابق اب تک 41 لاشوں کی باقیات نکالی جا چکی ہیں، جن میں سے 28 افراد کی شناخت ہو چکی ہے۔

فضائی حادثات میں حالیہ اضافے کے باعث امریکی ایوی ایشن حکام نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب