وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بین المذاہب ہم آہنگی کے عالمی ہفتے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب تمام شہریوں کے لیے برابر ہے، جہاں ہر فرد کو بلا خوف و خطر اپنی عبادات انجام دینے کی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب محبت، امن اور رواداری کا درس دیتے ہیں، جو ایک حقیقی فلاحی معاشرے کی بنیاد بنتے ہیں۔
مریم نواز نے زور دیا کہ عقائد کا احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا پائیدار امن اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات کا ایک خوبصورت امتزاج رہا ہے، جہاں سب کو مساوی حقوق دیے گئے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے اقلیتوں کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “مینارٹی کارڈ” متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت نادار اقلیتی شہریوں کو سہ ماہی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، اقلیتوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بھی قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ محبت، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکے جہاں انتہا پسندی اور عدم برداشت کی کوئی گنجائش نہ ہو۔ پنجاب حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور تحفظ فراہم کیا جائے، تاکہ صوبے میں ہم آہنگی اور رواداری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔