اتوار, فروری 9, 2025

محسن نقوی کی قذافی اسٹیڈیم کے ورکرز کو خصوصی میچ دیکھنے کی دعوت

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری اپ گریڈیشن کے کام میں مصروف ورکرز کو سہ فریقی سیریز کے میچ میں مدعو کر لیا۔ یہ میچ 8 فروری کو کھیلا جائے گا، جہاں ورکرز اپنی محنت کا نتیجہ دیکھ سکیں گے۔

محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں موجود ورکرز سے ملاقات کی اور ان کی محنت کو سراہا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے ورکرز کو یقین دلایا کہ وہ خود ان کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھیں گے، تاکہ ان کی کاوشوں کا اعتراف کیا جا سکے۔

دورے کے دوران محسن نقوی نے اسٹیڈیم میں نئی نشستوں پر بیٹھ کر ویو کا جائزہ لیا اور اسٹیڈیم میں ہونے والی بہتری کو قریب سے دیکھا۔ انہوں نے تمام فلورز، نئے ڈریسنگ رومز، ہاسپیٹیلیٹی باکسز اور دیگر سہولتوں کا معائنہ کیا اور انہیں عالمی معیار کے مطابق قرار دیا۔

محسن نقوی نے اعلان کیا کہ جدید ترین سہولتوں سے مزین قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح فروری کے پہلے ہفتے میں کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں اس معیار کا اسٹیڈیم تیار کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف کھلاڑی بلکہ شائقین بھی بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے ورکرز کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل کام تھا، مگر ٹیم نے انتھک محنت سے اسے مکمل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے لیے وقار کا معاملہ ہے، اور اس ایونٹ کی کامیابی سے ملک کا مثبت تاثر مزید مضبوط ہوگا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب