واشنگٹن ایئرپورٹ کے قریب ایک خوفناک فضائی حادثہ پیش آیا، جس میں ایک مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر پوٹومیک دریا میں گر گیا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کی تلاش کا عمل شروع کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق، حادثہ ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب پیش آیا، جہاں بلیک ہاک فوجی ہیلی کاپٹر ایک تربیتی پرواز پر تھا۔ تصادم کے بعد مسافر طیارہ دریا میں گر گیا، اور اب تک 18 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ حکام کے مطابق طیارے میں تقریباً 60 مسافر سوار تھے، تاہم مزید جانی نقصان کے بارے میں معلومات تاحال جمع کی جا رہی ہیں۔
امریکن ایئرلائنز کی پرواز UL 5432 کینساس کے شہر وکیٹا سے واشنگٹن پہنچی تھی اور لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوئی۔ حادثے کے فوری بعد ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں، اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی فضائی حادثے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا، “مجھے حادثے کی مکمل تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں، اور میں صورتِ حال کی نگرانی کر رہا ہوں۔ جیسے ہی مزید معلومات سامنے آئیں گی، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔”
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور جلد ہی مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔