پیر, فروری 10, 2025

لاس اینجلس جنگلات میں آگ لگنے کی اصل وجہ کیا تھی؟

لاس اینجلس کے جنگلات میں حالیہ خوفناک آگ کی وجہ کا سراغ لگایا گیا ہے، جس کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اس حادثے کا اہم سبب بن کر سامنے آئی ہے۔ ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن (ڈبلیو ڈبلیو اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے خطرات میں موسمیاتی تبدیلیوں کا کلیدی کردار ہے۔

امریکی اور یورپی سائنسدانوں کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث شہر کا موسم گرم اور خشک ہو چکا ہے، جس سے جنگلات میں آگ لگنے کے امکانات 35 فیصد تک بڑھ گئے ہیں۔ تحقیق کے مطابق، جنگلات میں آگ لگنے کی پیچیدگیاں متعدد عوامل کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں، لیکن موسمی تبدیلیوں کے سبب بارشوں کی کمی اور زیادہ درجہ حرارت ایک اہم عنصر بن چکا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنگلات میں آگ کی شدت میں اضافے کے پیچھے بنیادی طور پر گرم اور خشک موسم ہے، جو ان حادثات کو مزید سنگین بنا رہا ہے۔ لاس اینجلس کے جنگلات میں حالیہ آگ نے 28 افراد کی جان لے لی تھی اور 16 ہزار مکانات کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

اس تحقیق کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر براہ راست انسانوں کی زندگیوں اور قدرتی وسائل پر پڑ رہا ہے، اور ان آگوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب