اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے باوجود مذاکراتی کمیٹی کا کردار برقرار رہے گا۔ اسلام آباد میں حکومتی کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایاز صادق نے بتایا کہ انہوں نے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا تھا، جس پر پارٹی نے کہا کہ وہ اپنی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے اور اپنے اجلاس میں فیصلہ کریں گے۔
ایاز صادق نے کہا کہ وہ امید رکھتے تھے کہ آج اپوزیشن کے ارکان اجلاس میں شریک ہوں گے، لیکن 45 منٹ تک انتظار کرنے کے باوجود کوئی شریک نہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر آگے بڑھا جا سکتا ہے اور اس کے بغیر معاملہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن سے درخواست کی کہ وہ مذاکرات کی راہ اختیار کرے تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ سات ورکنگ دنوں میں دوبارہ اجلاس ہوگا اور آج وہ سات دن مکمل ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ فریقوں کو اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا۔ ایاز صادق نے کہا کہ تین ملاقاتوں کے باوجود پی ٹی آئی کی غیر موجودگی کی وجہ سے مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے اور اب اس کو آگے بڑھانا مشکل ہو چکا ہے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی گفتگو کی اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ اپوزیشن اسپیکر کے ساتھ رابطہ کرے گی، کیونکہ ان کی غیرموجودگی میں یکطرفہ بیان دینا مناسب نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیے تاکہ سیاسی اختلافات کا حل نکالا جا سکے۔