دنیا بھر میں کام کی جگہ پر ہونے والے حادثات کی وجہ سے ہر سال 2.78 ملین افراد کی اموات واقع ہوتی ہیں، یہ بات انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ اس کے علاوہ، رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہر سال 374 ملین غیر مہلک کام کی جگہ حادثات رونما ہوتے ہیں۔
آئی ایل او کے مطابق، کام کی جگہ پر حادثات اور بیماریوں کے نتیجے میں صرف اموات ہی نہیں، بلکہ پیداوار میں کمی اور علاج معالجے کے اخراجات میں اضافے کے باعث ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کی زندگیوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کام کے غیر محفوظ ماحول کا اثر نہ صرف فرد کی صحت پر پڑتا ہے، بلکہ اس کے اثرات اقتصادی سطح پر بھی محسوس کیے جاتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث عالمی سطح پر کام کی جگہ کے ماحول کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
پاکستان میں بھی اس مسئلے کی شدت کم نہیں ہے، جہاں 25 ملین سے زائد افراد نوکری پیشہ ہیں۔ یہاں ہر 1 لاکھ ورکرز میں سے 1136 کارکنوں کو سالانہ کام کی جگہ پر حادثات کا سامنا ہوتا ہے۔ تاہم، اعدادوشمار کے مطابق حادثات کی رپورٹنگ اور مانیٹرنگ کے نظام میں مشکلات کے باعث کئی حادثات رپورٹ ہی نہیں ہو پاتے۔
رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کام کی جگہوں پر صحت مند اور محفوظ ماحول کی فراہمی نہ صرف کارکنوں اور ان کے اہلِ خانہ کی صحت کو بہتر بنا سکتی ہے، بلکہ اس سے پیداوار میں کمی کے مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں۔ اس حوالے سے اداروں اور حکومتوں کو فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ کام کی جگہوں کو محفوظ بنایا جا سکے اور اس سے جڑے معاشی نقصانات کو کم کیا جا سکے۔