ترجمان دفترِ خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان نے اسرائیلی جرائم کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ میں 19 جنوری سے نافذ سیز فائر کو خوش آمدید کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی برادری سے اسرائیلی مظالم کے خلاف مؤثر اقدامات کی اپیل کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے مراکش کے حکام سے مستقل رابطے میں ہے۔ حال ہی میں مراکش میں پیش آنے والے کشتی کے المناک حادثے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں 25 پاکستانیوں کو بحفاظت نکالا گیا ہے، جن کی فہرست فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید نگرانی کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد میں پاکستان اور آذربائیجان کے وزارتی کمیشن کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جو دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم قدم ہے۔ پاکستان افغان باشندوں کو امریکا یا دیگر ممالک منتقل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، تاہم اس حوالے سے امریکا کی جانب سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
برکس میں شمولیت پر بات کرتے ہوئے شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اس تنظیم میں شمولیت کا خواہاں ہے، اور اس مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ شام کی صورت حال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان وہاں امن کی بحالی کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔