بدھ, فروری 12, 2025

ڈی چوک توڑ پھوڑ کیس: بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 7 فروری تک اضافہ

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ڈی چوک توڑ پھوڑ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 7 فروری تک توسیع کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج عامر ضیاء نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل انصر کیانی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کی موکلہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پہلے ہی گرفتار ہیں، اس لیے انہیں عدالت میں پیش ہونے سے استثنیٰ دیا جائے۔

پراسیکیوٹر زاہد آصف نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی اب تک شاملِ تفتیش نہیں ہوئیں اور عدالت سے درخواست کی کہ ان کی ضمانت خارج کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی کے جمع کرائے گئے مچلکوں کی تصدیق کی جائے۔

جواباً، بشریٰ بی بی کے وکیل انصر کیانی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی موکلہ تمام مقدمات کا دفاع کر رہی ہیں اور پولیس کو جیل جا کر انہیں شاملِ تفتیش کرنے کی اجازت دی جائے۔

پراسیکیوٹر شاہد آصف نے عدالت کو یاد دلایا کہ چونکہ یہ عبوری ضمانت کی درخواست ہے، اس لیے بشریٰ بی بی کی حاضری ضروری ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں شاملِ تفتیش کرنے کی اجازت دی جائے یا نہیں۔ تاہم، عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 7 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب