اتوار, فروری 9, 2025

ایلون مسک کو ٹک ٹاک خریدنے کے لیے کتنی رقم ادا کرنا ہوگی؟

امریکا میں چین کی مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کے امکانات کے پیش نظر چینی حکام ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز ایلون مسک کو فروخت کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ امریکی جریدے فوربز کی رپورٹ کے مطابق، تجزیہ کار ڈین آئیوز کا کہنا ہے کہ اگر ایلون مسک ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز خریدنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ ڈیل 40 سے 50 بلین ڈالرز میں مکمل ہو سکتی ہے۔

ڈین آئیوز نے اس خریداری کو ایلون مسک اور ان کی کمپنی ایکس کے لیے ایک “سنہری موقع” قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق، چینی حکام کے ساتھ ایلون مسک کے مضبوط تعلقات اس ممکنہ معاہدے کو آسان بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب، ٹک ٹاک کے ترجمان نے اس تجویز کو محض افواہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی حکام کی جانب سے ایلون مسک کو ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز فروخت کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ ایلون مسک نے بھی اس حوالے سے میڈیا رپورٹس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

یاد رہے کہ ایلون مسک نے 2022ء میں 44 بلین ڈالرز میں ٹوئٹر (جسے اب “ایکس” کہا جاتا ہے) خرید کر خبروں میں جگہ بنائی تھی۔

چین کی ٹیکنالوجی کمپنی بائٹ ڈانس شدید دباؤ کا شکار ہے کیونکہ امریکی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کسی امریکی کمپنی کو فروخت نہ کیے گئے تو سپریم کورٹ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر سکتی ہے۔ اس صورتحال میں ایپ کا مستقبل غیر یقینی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب