جمعرات, فروری 13, 2025

ڈی چوک احتجاج کے 13 کیسز: بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں مزید توسیع

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ڈی چوک احتجاج سے متعلق 13 کیسز میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی ہے۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتیں 7 فروری 2025 تک برقرار رکھنے کی اجازت دی، جس کے لیے پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کی شرط رکھی گئی۔ عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر تمام متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔

سماعت کے دوران عدالت کے جج نے بشریٰ بی بی کے وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وکیل کو فائلیں تیار کر کے لانی چاہئیں، نہ کہ عدالت میں آ کر انہیں ترتیب دیا جائے۔ وکلاء نے درخواست کی کہ تمام ضمانتوں پر 7 فروری کو سماعت کی تاریخ مقرر کی جائے، جو عدالت نے منظور کر لی۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کے سادہ کاغذ پر دستخط اور انگوٹھا لگوانے پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ جج نے کہا کہ وہ ہر جگہ VIP پروٹوکول کی باتیں سنتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہو سکتا۔ جج نے مزید کہا کہ “میں آپ کو انتظار نہیں کرایا، میں فیصلہ لکھ رہا تھا اور وہ چھوڑ کر آپ کی ضمانتوں پر سماعت کر رہا ہوں۔ جب عدالتی حکم نامہ نکلے گا، اس پر ملزمہ کے دستخط اور انگوٹھا لگے گا۔”

وکیل قدیر خواجہ کے بولنے پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت پر یقین رکھیں۔ جج نے کہا کہ اگر آپ عدالت پر یقین کریں گے، تو پھر لوگ آپ پر یقین کریں گے۔

واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کے خلاف ڈی چوک احتجاج پر اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 13 مقدمات درج ہیں۔ ان مقدمات میں تھانہ سیکریٹریٹ میں 3، تھانہ مارگلہ میں 2، تھانہ کراچی کمپنی میں 2، تھانہ رمنا میں 2، تھانہ ترنول، کوہسار، آبپارہ اور کھنہ میں ایک ایک مقدمہ شامل ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب