پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر کارروائی کے دوران ایک افغان جاسوس کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی 11 جنوری کو انجام دی گئی جب مذکورہ جاسوس افغانستان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت محمد خان احمد خیل کے نام سے ہوئی ہے، جو افغان صوبے پکتیکا کا رہائشی تھا اور اپنی شناخت چھپانے کے لیے عبداللّٰہ کا نام استعمال کرتا تھا۔ ذرائع کے مطابق محمد خان کی عمر 48 سال تھی اور وہ افغانستان کی خفیہ ایجنسی کے لیے پاکستان میں سرگرم تھا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک جاسوس سے افغان شناختی کارڈ برآمد کیا گیا، جس سے اس کی سرگرمیوں کی تصدیق ہوئی۔ محمد خان پاکستان میں دہشت گردوں کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے میں ملوث تھا۔ یہ اسمگل شدہ ہتھیار پاکستان میں دہشت گردی کے مختلف حملوں میں استعمال کیے جاتے تھے، جس سے ملک کے امن کو شدید خطرات لاحق تھے۔
یہ کارروائی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے گا تاکہ ملک کے امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ کارروائی پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سرحدی تحفظ کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔