پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہ نوٹس پارٹی کے بانی کے احکامات پر جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت نے پارٹی کی پالیسی اور مذاکراتی عمل کے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
شوکاز نوٹس کے مطابق، بطور اسمبلی اور کور کمیٹی کے رکن، شیر افضل مروت کو جاری مذاکراتی عمل کی مکمل تفصیلات کا علم تھا، لیکن انہوں نے پارٹی کے مذاکراتی ٹیم کے اراکین کے خلاف بیانات دیے اور جاری مذاکرات پر سخت تنقید کی۔ ان کے ان بیانات کو پارٹی پالیسی کے خلاف قرار دیا گیا ہے، جس سے نہ صرف پارٹی کو نقصان پہنچا بلکہ ان کے رویے سے پارٹی کے اتحاد پر بھی منفی اثر پڑا۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بانیٔ تحریک انصاف کے سامنے یہ معاملہ پیش کیا گیا، جس پر انہوں نے شیر افضل مروت کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ نوٹس کے متن کے مطابق، شیر افضل نے ایک سے زیادہ مواقع پر پارٹی پالیسیوں کے برعکس بیانات دیے، جو پارٹی کے اصولوں اور ڈسپلن کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔
پارٹی کی جانب سے جاری نوٹس میں شیر افضل مروت کو سات دن کے اندر اپنی وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بصورت دیگر، پارٹی پالیسی کے مطابق ان کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔
یہ اقدام تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی ڈسپلن کو مضبوط کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر سختی سے نمٹا جائے گا۔