امریکی صدر جو بائیڈن نے دسمبر 2024 میں بیروزگاری کی شرح 4.1 فیصد کی کم ترین سطح پر پہنچنے کو اپنی حکومت کی اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کے دور اقتدار میں 16.6 ملین نئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ایک تاریخی کارنامہ ہے۔
صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے کورونا وبا جیسے مشکل حالات کا سامنا کرتے ہوئے معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے گئے بلکہ صحت کے شعبے میں بھی نمایاں پیشرفت کی گئی۔ صدر نے دعویٰ کیا کہ ہیلتھ سیکٹر میں کیے گئے اصلاحات کے باعث امریکی عوام کے 160 ارب ڈالر کی بچت ممکن ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے توانائی کے شعبے میں بھی ریکارڈ کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور آج توانائی کی پیداوار امریکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ یہ تمام کامیابیاں ان کی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، جن کا مقصد عوام کی زندگی بہتر بنانا اور معیشت کو ترقی دینا تھا۔
صدر نے کہا کہ یہ کامیابیاں عالمی سطح پر امریکی معیشت کے استحکام کو ظاہر کرتی ہیں اور یہ حکومت اپنی مدت کے اختتام تک عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی پالیسیاں نہ صرف موجودہ مسائل کا حل پیش کرتی ہیں بلکہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔