پیر, فروری 10, 2025

بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے مختلف تجاویز زیر غور: وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت کم کرنے کے لیے دو سے تین ممکنہ آپشنز زیر غور ہیں، اور اس حوالے سے رواں ہفتے ایک اور میٹنگ کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک میں ترقی کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو سرمایہ کاری سے متعلق امور تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، جو روایتی برآمدات کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اس کی مزید ترقی پر زور دیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات مفید رہی، جس میں سرمایہ کاری اور باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی ترقی کے لیے سمیڈا کو اہمیت حاصل ہے، جس کا بورڈ مکمل کر لیا گیا ہے، اور 15 جنوری کو اس حوالے سے ایک اور میٹنگ ہوگی۔

علاوہ ازیں، وزیرِ اعظم نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری اقدامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مکروہ دھندے کے خاتمے کے لیے حکومتی ادارے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کرم میں حالیہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ معیشت میں استحکام کے آثار نمایاں ہیں، اور قوم کی خوشحالی کے لیے سخت محنت جاری رکھی جائے گی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب