منگل, مئی 13, 2025

پاک افغان تعلقات میں مثبت پیش رفت، اسحاق ڈار کل کابل کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان طویل عرصے بعد سفارتی رابطوں میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، جس کے تحت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کابل کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ یہ دورہ افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کی دعوت پر ہو رہا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کی بحالی اور اعتماد سازی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس دورے کے دوران اسحاق ڈار افغان عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند سے اہم ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ افغانستان کے نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر سے بھی علیحدہ ملاقات کریں گے، جس میں اقتصادی تعاون اور دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے پر بات چیت متوقع ہے۔

اس اہم دورے کے دوران دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات کا بھی انعقاد ہوگا، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ مذاکرات میں تجارت، سیکیورٹی، علاقائی روابط، بارڈر مینجمنٹ، اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ جیسے موضوعات کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ دیرپا اور مستحکم تعلقات کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینا ہے۔

دورے سے قبل اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اہم بین الوزارتی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں افغانستان کے لیے خصوصی نمائندہ سفیر صادق خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکریٹریز برائے تجارت، داخلہ اور ریلوے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں دورے کے تمام پہلوؤں اور ممکنہ معاہدوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، جبکہ خطے میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کو مزید وسعت دینے پر بھی غور کیا گیا۔

اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے لیے خطے میں استحکام، تعاون اور باہمی اعتماد کے فروغ کی جانب مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب