اسلام آباد – نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت کو واضح انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام کارروائیاں دفاعی نوعیت کی ہیں اور اگر بھارت نے کوئی اور جارحیت کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم نے امریکی حکومت کو واضح کر دیا ہے کہ ہماری کارروائی صرف جوابی تھی۔ بال اب بھارت کے کورٹ میں ہے، اگر انہوں نے کوئی اور حرکت کی تو ہمارا اگلا جواب بھی ہوگا”۔
ڈار نے بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 80 ڈرونز استعمال کیے، نور خان ایئر بیس، شورکوٹ اور سکھر ایئرپورٹ پر حملے کیے جس کے نتیجے میں 35 پاکستانی شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ “بھارت ایک طرف امن کی بات کرتا ہے اور دوسری طرف حملے کرتا ہے۔ یہ منافقت ہے”۔
وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی پہل نہیں کی، لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر دیا ہے۔ دنیا نے دیکھ لیا کہ ہم حق پر ہیں”۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو اس کی غلطیوں کا احساس دلائے۔ ان کا کہنا تھا کہ “پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے، لیکن ہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں”۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور عالمی برادری دونوں فریقوں سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کر رہی ہے۔