ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم کو ان کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دے کر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ مظہر سعید کو قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے، جو پہلے سے ہی کمیشن میں ڈائریکٹر جنرل اور مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
بدھ کے روز چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ڈاکٹر ضیاء القیوم کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جس کے بعد انہیں عہدے سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر ضیاء القیوم کو 2023 میں چار سالہ مدت کے لیے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، چیئرمین ڈاکٹر مختار اور ڈاکٹر ضیاء القیوم کے درمیان انتظامی معاملات اور غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں، بشمول 12 ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی خریداری، پر اختلافات پائے جاتے تھے۔ ڈاکٹر مختار نے اعلان کیا ہے کہ ایک ماہ کے اندر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی آسامی کے لیے اشتہار جاری کیا جائے گا۔