پیر, مئی 5, 2025

کسانوں کیلئے خوشخبری، آبیانہ اور فکس ٹیکس میں بڑی چھوٹ — وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے لیے اعلان کردہ ریلیف اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبیانہ اور فکس ٹیکس میں دی گئی چھوٹ کسانوں کے لیے ایک بڑا سہارا ثابت ہوگی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کے لیے خصوصی مالیاتی پیکیج کے اعلان پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچانے کے لیے 15 ارب روپے کا گندم سپورٹ فنڈ مختص کرنا ایک احسن اور بروقت فیصلہ ہے، جس سے کسانوں کو درپیش مالی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسان ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور کسانوں کی خوشحالی پاکستان کی اقتصادی ترقی کی ضامن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چار ماہ کے لیے مفت گندم اسٹوریج کی سہولت دینا ایک دور اندیش فیصلہ ہے، جس سے کاشتکار اپنی فصل کو موسمی اثرات اور مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے محفوظ رکھ سکیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گندم اور اس سے بنی مصنوعات کی برآمدات کے سلسلے میں پنجاب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ مقامی کسانوں کو بہتر مالی مراعات حاصل ہوں اور ملک کو زرمبادلہ کے اضافی ذرائع میسر آئیں۔

وزیراعظم نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو اس کسان دوست پالیسی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ہمیشہ سے کسانوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کرتی رہی ہے، اور یہ اعلان اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب